لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف یومِ سیاہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کشمیری شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہدِ آزادی کو سلام پیش کیا۔
اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ 27 اکتوبر کو مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ تاریخِ عالم کا سیاہ باب ہے، اور اس سیاہ باب کی سیاہی بھارتی قیادت کے چہرے پر نمودار ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر اب کسی ایک ملک کا نہیں بلکہ پوری اقوامِ عالم کا مسئلہ بن چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پتوکی میں یومِ سیاہ کشمیر کے سلسلے میں ریلی، کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی
مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے بھائیوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت کی پالیسی پر ہمیشہ عمل پیرا رہے گا اور عالمی برادری کے سامنے کشمیر کا مقدمہ بھرپور طریقے سے پیش کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، انہیں کوئی جدا نہیں کر سکتا، اور ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاکھوں بے گناہ کشمیریوں کا خون ضرور رنگ لائے گا اور مقبوضہ کشمیر میں آزادی کی روشن صبح ضرور طلوع ہوگی۔









