پتوکی (پنجاب پوسٹ) ملک کے دیگر شہروں کی طرح بھارتی قبضے کے خلاف یومِ سیاہ کشمیر منایا گیا۔ اس سلسلے میں میونسپل آفس پتوکی سے اسسٹنٹ کمشنر پتوکی نوید حیدر کی زیرِ قیادت ریلی نکالی گئی، جس میں انجمن تاجران، وکلاء، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ریلی کے شرکاء نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کرتے ہوئے کشمیر بنے گا پاکستان اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں: یوم سیاہ کشمیر، بھارتی تسلط کے خلاف شرقپور شریف میں ضلعی انتظامیہ کی احتجاجی ریلی
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر پتوکی نوید حیدر نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے تاکہ کشمیری عوام کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت مل سکے۔
ریلی کے اختتام پر کشمیری عوام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے آواز بلند کی جاتی رہے گی۔










