یوم سیاہ کشمیر، وہ وقت دور نہیں جب بھارتی ظلم کا سورج غروب اور کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ

گوجرانوالہ (پنجاب پوسٹ) یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر سول سوسائٹی اور ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب بھارتی ظلم کا سورج غروب اور کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔ کشمیر کی آزادی اور حق خودارادیت کے حصول تک پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔

ریلی کا آغاز ڈپٹی کمشنر آفس میں پرچم کشائی کی تقریب کے بعد ہوا، جس کے بعد شرکاء نے سیالکوٹ روڈ پر ریلی نکالی۔ مرکزی ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج نے کشمیر میں دراندازی کرتے ہوئے غاصبانہ قبضہ کیا تھا، جس کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کہا کہ بھارت 79 سال سے کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کیے ہوئے ہے، جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پر ہونے والے ظلم و ستم اور وحشیانہ جبر کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے اور پاکستانی قوم کا ہر فرد کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہونے تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

ریلی میں اے ڈی سی ہیڈکوارٹرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز سٹی و صدر، ڈی او ایمرجنسی سروسز، ہائر ایجوکیشن اور اسکول ایجوکیشن سمیت مختلف محکموں کے افسران اور ملازمین نے شرکت کی۔ سول سوسائٹی، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل، ستھرا پنجاب، سول ڈیفنس، محکمہ تعلیم، محکمہ صحت، ریسکیو، کالجز کے نمائندوں، طلباء اور میڈیا سے وابستہ افراد بھی ریلی میں شریک ہوئے۔

شرکاء نے قومی اور کشمیری پرچم اٹھا رکھے تھے، جبکہ بھارتی مظالم کو اجاگر کرنے کے لیے پلے کارڈز بھی اٹھائے گئے۔ ریلی کے دوران بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف، کشمیر بنے گا پاکستان اور آزادی کشمیر ناگزیر کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کشمیر میں بہنے والا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ہماری مسلح افواج نے گزشتہ سال معرکہ حق بنیان مرصوص میں دشمن کو شکست فاش سے دوچار کیا۔ دفاع وطن اور کشمیر کی آزادی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ ریلی کے اختتام پر کشمیر کی آزادی اور ملک و قوم کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے