لاہور (پنجاب پوسٹ) بسنت 2027 سے قبل اندرون شہر کی خطرناک عمارتوں سے متعلق تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جہاں پانچ وارڈز میں تقریباً 10 ہزار عمارتوں کا سروے مکمل کر لیا گیا ہے۔ سروے کے دوران مجموعی طور پر 271 عمارتوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے، جبکہ اندرون شہر کے باقی چار وارڈز میں عمارتوں کا سروے تاحال جاری ہے۔
سروے کے مطابق لوہاری گیٹ میں سب سے زیادہ 95 عمارتیں خطرناک پائی گئی ہیں، جبکہ ٹیکسالی گیٹ میں 57 عمارتوں کو غیر محفوظ قرار دیا گیا ہے۔ اسی طرح اکبری گیٹ اور دہلی گیٹ پر مشتمل وارڈ میں 52 عمارتیں خطرناک قرار دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھاٹی گیٹ میں 43 اور یکی گیٹ میں 24 عمارتیں خطرناک پائی گئی ہیں۔ اس طرح پانچ وارڈز میں خطرناک عمارتوں کی مجموعی تعداد 271 ہو گئی ہے۔
اندرون شہر کے نو وارڈز میں مجموعی طور پر تقریباً 22 ہزار عمارتیں موجود ہیں، جن میں سے پانچ وارڈز کی عمارتوں کا سروے مکمل کیا جا چکا ہے، جبکہ باقی چار وارڈز میں سروے کا عمل جاری ہے۔ بسنت 2027 سے قبل خطرناک عمارتوں کی نشاندہی کو اہم قرار دیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کی حفاظت کے حوالے سے ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔









