لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان کو امن، خوبصورتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کا گلدستہ قرار دیتے ہوئے وزیرِ اقلیتی امور و چیئرمین پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دے دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی بھگونت مان کو پاکستان میں خوش آمدید کہتی ہیں۔
دعوت کے تحت بھارتی پنجاب اسمبلی کو بھی پاکستان آنے کی پیشکش کی گئی ہے تاکہ بھارتی وفد کرتارپور صاحب سمیت پاکستان میں دیگر مذاہب کے مقدس مقامات کی زیارت کر سکے اور یہاں مذہبی آزادی اور بین المذاہب ہم آہنگی کا مشاہدہ کرے۔
وزیرِ اقلیتی امور نے پاکستان کو امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کا پیغام دینے والا ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں مسلمان، ہندو، سکھ اور مسیحی برابر کے شہری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کے مساوی حقوق کی ضمانت دیتا ہے اور ملک میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان ہم آہنگی اور مذہبی آزادی کے فروغ پر زور دیا جاتا ہے۔









