لاہور (پنجاب پوسٹ)کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) پنجاب نے لاہور ریجن میں اپنی کارکردگی کی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس کے مطابق سال 2023-24 کے مقابلے میں 2025-26 کے دوران صوبائی دارالحکومت میں جرائم کی شرح میں غیر معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
ترجمان سی سی ڈی کے مطابق لاہور ریجن میں ڈکیتی، رابری، موٹر سائیکل چوری سمیت دیگر جرائم کی مجموعی شرح میں 74 فیصد کمی آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق سال 2023-24 کے مقابلے میں 2025-26 میں ہاؤس ڈکیتی کے مقدمات میں 54 فیصد تک واضح کمی ہوئی، جبکہ شارع عام پر ڈکیتی کی وارداتوں میں 64 فیصد اور رابری کی وارداتوں میں 89 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسی طرح ہاؤس رابری کے واقعات میں 71 فیصد، موٹر سائیکل سنیچنگ میں 80 فیصد اور موٹر سائیکل چوری میں 68 فیصد تک کمی آئی۔
ترجمان نے بتایا کہ سی سی ڈی کی مؤثر حکمت عملی کے نتیجے میں لاہور ریجن میں قتل کی وارداتوں میں 38 فیصد جبکہ نقب زنی کے واقعات میں 54 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی۔
ترجمان سی سی ڈی کا کہنا تھا کہ سی سی ڈی کے قیام کے بعد جرائم کی شرح میں واضح کمی ادارے کی شاندار کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پنجاب سے جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔










