لاہور (پنجاب پوسٹ)سیشن کورٹ نے منشیات فروشی کے ایک مقدمے میں ملزمہ عابدہ پروین کو 20 سال قید کی سزا سنا دی ہے۔ عدالت نے ملزمہ پر 8 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔
منشیات کورٹ کے ایڈیشنل سیشن جج صابر سلطان پاشا نے کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد تحریری حکم نامہ جاری کیا۔ مقدمہ تھانہ جنوبی چھاؤنی میں منشیات ایکٹ کی دفعہ 9-C کے تحت درج کیا گیا تھا۔ایف آئی آر کے مطابق ملزمہ کے قبضے سے 11 کلو گرام چرس اور 4 کلو گرام افیون برآمد ہوئی تھی۔
سماعت کے دوران اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر بابر رزاق نے عدالت میں ملزمہ کے خلاف شہادتیں پیش کیں۔ پراسیکیوٹر کا مؤقف تھا کہ ملزمہ کے خلاف تمام تر شواہد موجود ہیں۔ عدالت نے سرکاری گواہان کی گواہی اور پیش کیے گئے ثبوتوں کی روشنی میں ملزمہ کو مجرم قرار دیتے ہوئے سزا کا حکم سنایا۔









