لاہور(پنجاب پوسٹ) ملت پارک پولیس نے عوامی مقام پر نازیبا حرکات میں ملوث ملزم مدثر بٹ کو گرفتار کر لیا۔ ملزم کی نازیبا حرکات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیجز اور سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ملزم کو ٹریس کیا گیا۔ گرفتار ملزم مدثر بٹ کچا رشید روڈ، آؤٹ فال روڈ کا رہائشی ہے۔ ملزم سرکاری ادارے میں ملازمت کے ساتھ پارٹ ٹائم رائیڈنگ بھی کرتا ہے۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ عوامی مقامات پر غیر اخلاقی اور نازیبا حرکات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ شہریوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ قانون شکنی کرنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔









