اسلام آباد(پنجاب پوسٹ)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے میں بھارتی سپانسرڈ دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کی ستائش کی ہے۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے 6 دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ انہوں نے سکیورٹی اہلکاروں کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہا اور کہا کہ پوری قوم کو اپنی سکیورٹی فورسز پر فخر ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں شہداء نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
محسن نقوی نے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء ہمارا مان اور فخر ہیں۔ انہوں نے سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ ملک کے دفاع اور امن کے لیے ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔










