لاہور (پنجاب پوسٹ) تھانہ گلبرگ میں مقدمے کی مثل گیارہ سال تک اپنے پاس رکھنے کے الزام میں سب انسپکٹر اشرف کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ انچارج انویسٹی گیشن گلبرگ کی مدعیت میں درج ہوا۔
ایف آئی آر کے مطابق تھانہ اقبال ٹاؤن میں درج چوری کے ایک مقدمے کی تفتیش ابتدا میں اے وی ایل ایس اقبال ٹاؤن کا اے ایس آئی منظور کر رہا تھا۔ بعد ازاں تفتیش تبدیل ہو کر اے ایس آئی اشرف کے پاس چلی گئی، جو اے وی ایل ایس اقبال ٹاؤن میں تعینات تھا۔
ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ تفتیشی اشرف نے تفتیش کی تبدیلی کے بعد مقدمے کی مثل 11 سال تک ذاتی مفاد (طمع نفسانی) کی خاطر اپنے پاس رکھی۔
اعلیٰ افسران کے حکم پر حال میں تھانہ گلبرگ میں تعینات تفتیشی اشرف کے خلاف اختیارات سے تجاوز کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا۔ مقدمہ تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 155-سی اور 166(2) کے تحت درج کیا گیا ہے۔










