لاہور (پنجاب پوسٹ) محفوظ سڑکیں، محفوظ پنجاب کے وژن کے تحت پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی نے رنگ روڈ پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر جرمانوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ چیئرپرسن پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی صفی اللہ گوندل کی ہدایات پر ٹریفک قوانین پر عمل درآمد مزید سخت کرنے کے اقدامات کیے گئے ہیں، جن کے تحت مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی رقم بڑھا دی گئی ہے۔
نئے جرمانوں کے مطابق بغیر لائسنس ڈرائیونگ پر جرمانہ 500 روپے سے بڑھا کر 5 ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ کم عمر ڈرائیونگ پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا۔ غلط اوورٹیکنگ پر کار کو 5 ہزار اور 2 ہزار سی سی سے زائد گاڑیوں کو 10 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ غلط لین استعمال کرنے پر 2 ہزار جبکہ ون وے انٹری پر 5 ہزار روپے جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔
رنگ روڈ پر دھواں چھوڑنے والی کار پر 4 ہزار اور کمرشل گاڑی پر 5 ہزار روپے جرمانہ ہوگا، جبکہ اوورلوڈنگ پر جرمانہ 2 ہزار سے بڑھا کر 7 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔ غلط پارکنگ پر جرمانہ ایک ہزار سے بڑھا کر 2 ہزار روپے مقرر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوان کو پولیس فلیشر لائٹس لگانا مہنگا پڑ گیا، ڈبل کیبن ڈالا تھانے میں بند
بلیک پیپر استعمال کرنے اور بغیر نمبر پلیٹ یا غیر نمونہ نمبر پلیٹ والی گاڑیوں پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد ہوگا، جبکہ رنگ روڈ پر موٹر سائیکل لے جانے پر بھی 5 ہزار روپے جرمانہ مقرر کیا گیا ہے۔ پیدل سڑک عبور کرنے پر جرمانہ 200 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ رنگ روڈ پر جانور لانے کی صورت میں مالک کو 5 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
اوور اسپیڈنگ پر 2 ہزار سی سی تک گاڑیوں کو 5 ہزار اور اس سے زائد کی گاڑیوں کو 10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا۔ دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے اور سیٹ بیلٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ 500 روپے سے بڑھا کر 3 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔
رنگ روڈ پولیس لاہور نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔














