نوجوان کو پولیس فلیشر لائٹس لگانا مہنگا پڑ گیا، ڈبل کیبن ڈالا تھانے میں بند

لاہور (پنجاب پوسٹ): لاہور ٹریفک پولیس نے ایئرپورٹ روڈ پر غیر قانونی پولیس فلیشر لائٹس لگا کر شہریوں کو خوفزدہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے ایک ڈبل کیبن ڈالا قبضے میں لے لیا۔ ڈرائیور کے خلاف تھانہ جنوبی چھاؤنی میں مقدمہ درج کر کے اسے گاڑی سمیت تھانے میں بند کر دیا گیا۔

ڈی ایس پی ہشام لودھی کے مطابق ایئرپورٹ روڈ پر کچھ گاڑیاں پولیس کی فلیشر لائٹس لگا کر گھوم رہی تھیں، جس سے شہریوں میں خوف و ہراس پھیل رہا تھا۔ اس پر ٹریفک پولیس نے فوری کارروائی کی اور مذکورہ ڈبل کیبن کو روک کر قبضے میں لے لیا۔

ڈی ایس پی ہشام لودھی نے بتایا کہ گاڑی پر پولیس فلیشر لائٹس لگانا قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ ایسی گاڑیاں نہ صرف سڑک پر موجود دیگر ڈرائیوروں اور شہریوں کے لیے پریشانی کا باعث بنتی ہیں بلکہ پولیس کے نام اور وردی کے تاثر کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔ کارروائی کے بعد ڈبل کیبن کے ڈرائیور کے خلاف تھانہ جنوبی چھاؤنی میں باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : لاہور: سسرالیوں پر داماد کی فائرنگ، ساس اور سالے سمیت 2 افراد جاں بحق

سی ٹی او لاہور نے اس موقع پر واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ غیر قانونی گرین نمبر پلیٹس اور پولیس فلیشر لائٹس لگانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون سب کے لیے برابر ہے اور اس کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

سی ٹی او لاہور نے مزید کہا کہ ہلڑ بازی، روڈ ریج اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی طور پر فلیشر لائٹس لگانے والی گاڑی کی اطلاع ٹریفک پولیس کو دیں۔

ٹریفک پولیس کے مطابق شہر میں امن و امان اور محفوظ ٹریفک کو یقینی بنانے کے لیے غیر قانونی نمبر پلیٹس، فلیشر لائٹس اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف مہم جاری رکھی جائے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے