لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب کے سرکاری کالجز کی تاریخ میں پہلی بار منعقد ہونے والا تین روزہ ڈرامہ فیسٹیول گورنمنٹ گریجویٹ کالج فار ویمن، گلبرگ، لاہور میں اختتام پذیر ہوگیا۔ ڈاکٹر فرح فاطمہ اور ڈاکٹر سمن کے نام سے منسوب اس فیسٹیول میں لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں کی طالبات نے مختلف موضوعات پر ڈرامے پیش کیے اور اپنی اداکاری، تخلیقی صلاحیتوں اور فنکارانہ مہارتوں کا مظاہرہ کیا۔
فیسٹیول کے آخری روز سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب غلام فرید، اسپیشل سیکرٹری تجمل عباس رانا، ڈائریکٹر کالجز احسن مختار، معروف ڈرامہ نگار اور اجوکا تھیٹر کے سربراہ ڈاکٹر شاہد ندیم، معروف فلم ڈائریکٹر اور پروڈیوسر سید نور سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔
اختتامی تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والی طالبات اور فاتح ٹیموں میں شیلڈز اور اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ فیسٹیول کے انعقاد میں اہم کردار ادا کرنے والی لاجسٹکس اور میڈیا ٹیموں کی خدمات کو بھی سراہا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: "میچ کے دوران کوئی روڈ بند نہیں ہوگا”: سی ٹی او لاہور نے ٹریفک پلان کا اعلان کر دیا
اس موقع پر مہمانوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں تھیٹر جیسی سرگرمیاں طالبات میں خود اعتمادی، تخلیقی سوچ اور عملی صلاحیتوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ایسی سرگرمیوں سے طالبات کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور فنونِ لطیفہ کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔
فیسٹیول میں شریک طالبات نے بھی اسے اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور فنِ اداکاری سیکھنے کا یادگار تجربہ قرار دیا۔ پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر نگہت ناہید ظفر کی قیادت میں منعقد ہونے والے اس فیسٹیول نے طالبات کو تعلیم کے ساتھ فنونِ لطیفہ سے وابستہ ہونے اور اپنی صلاحیتیں منوانے کا موقع فراہم کیا۔
یوں پنجاب کے سرکاری کالجز کی تاریخ کا پہلا تین روزہ ڈرامہ فیسٹیول طالبات کی یادگار پرفارمنسز اور تخلیقی سرگرمیوں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔












