لاہور (پنجاب پوسٹ) پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت میں پائیداری اور عالمی معیارات کے حوالے سے اہم پیش رفت ہو رہی ہے، جبکہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور جدید ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستانی برآمد کنندگان پر زور دیا ہے کہ وہ برطانوی مارکیٹ میں دستیاب تجارتی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور برطانیہ میں ہونے والی تجارتی نمائشوں میں زیادہ سے زیادہ شرکت کریں۔
آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ پاکستانی کاروباری اداروں کے لیے برطانوی برانڈز اور ریٹیلرز کے ساتھ مضبوط روابط قائم کرنا ضروری ہے، کیونکہ اس سے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کو فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے ٹیکنیکل ٹیکسٹائل کے شعبے میں تحقیق، جدت اور مشترکہ منصوبوں کے وسیع امکانات کی نشاندہی بھی کی۔
چیئرمین اپٹما اسد شفیع نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ برطانوی اداروں کے ساتھ تعاون پاکستانی ٹیکسٹائل صنعت کی مسابقت بہتر بنانے اور عالمی منڈیوں تک رسائی بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
اسد شفیع کے مطابق چیئرمین اپٹما اسد شفیع اور تحقیقی اداروں کے ساتھ تعاون سے ٹیکسٹائل کے شعبے میں تحقیق اور جدت کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اپٹما اور برطانوی اداروں کے درمیان عملی تعاون کے لیے ایک مؤثر فریم ورک کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ باہمی اشتراک کو ٹھوس نتائج میں تبدیل کیا جا سکے۔
چیئرمین اپٹما نارتھ محمد صدیق بھٹی نے کہا کہ برطانوی مہارت سے پاکستان کی ٹیکسٹائل صنعت کی پیداواری صلاحیت بہتر بنانے اور عالمی منڈیوں تک رسائی میں مدد مل سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپٹما پاکستان اور برطانیہ کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔











