ساہیوال(پنجاب پوسٹ) وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ساہیوال میں سابق رکنِ قومی اسمبلی مرحوم چودھری محمد اشرف کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کرکے وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیرِ اعظم نے رکنِ صوبائی اسمبلی پنجاب اور صوبائی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی مرحوم ملک ندیم کامران کی رہائش گاہ پر بھی حاضری دی اور ان کے صاحبزادے، رکنِ پنجاب اسمبلی ملک قاسم ندیم سمیت اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔
یہ بھی پڑھیں: سابق آرمی چیف جنرل (ر) عبدالوحید کاکڑ انتقال کر گئے
وزیرِ اعظم نے مرحومین کے بلند درجات اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ چودھری محمد اشرف اور ملک ندیم کامران نے ہمیشہ اپنے حلقوں کے عوام اور جمہوریت کی خدمت کی۔ پارٹی اور ساہیوال کے عوام کے لیے ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
تعزیتی ملاقاتوں کے دوران وزیرِ اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ اور عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔










