لاہور (پنجاب پوسٹ) میڈیکل ایمرجنسی میں خون کے حصول کے لیے پریشان شہریوں کی مدد کے لیے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا ورچوئل بلڈ بینک سرگرم ہے، جس کے ذریعے اب تک 84 ہزار 811 شہریوں کو خون کے حصول میں معاونت فراہم کی جا چکی ہے، جبکہ مختلف بلڈ گروپس سے تعلق رکھنے والے ایک لاکھ 53 ہزار 971 رضاکار ڈونرز اس نظام میں رجسٹرڈ ہیں۔
ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق ورچوئل بلڈ بینک کے ذریعے مریضوں اور بلڈ ڈونرز کے درمیان ڈیجیٹل ڈیٹابیس کی مدد سے 24 گھنٹے رابطے اور معاونت کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ رجسٹرڈ ڈونرز میں صوبے بھر سے سول سوسائٹی، بلڈ ڈونر تنظیموں، پولیس اور سیف سٹی کے رضاکار شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں جرائم کی شرح میں 63 فیصد کمی ریکارڈ، سی سی ڈی نے اعداد وشمار جاری کردیئے
ترجمان کے مطابق کسی بھی میڈیکل ایمرجنسی میں خون کی ضرورت پیش آنے پر شہری ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے 4 کا بٹن دبا کر ورچوئل بلڈ بینک سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ درخواست موصول ہونے پر ورچوئل بلڈ بینک آفیسر مریض کا مطلوبہ بلڈ گروپ اور ہسپتال کی تفصیلات حاصل کرتا ہے، جس کے بعد ٹیم رجسٹرڈ ڈونرز کی فہرست میں سے مطلوبہ بلڈ گروپ کے حامل رضاکاروں سے رابطہ کرتی ہے۔
ڈونر کی رضامندی کے بعد کانفرنس کال کے ذریعے مریض کے اہلِ خانہ سے رابطہ کروایا جاتا ہے۔ اس کے بعد رضاکار ڈونر متعلقہ ہسپتال پہنچ کر ضروری طبی جانچ کے بعد خون کا عطیہ دیتا ہے۔
ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انسانی جانیں بچانے کے لیے سیف سٹی ورچوئل بلڈ بینک میں بطور بلڈ ڈونر رجسٹریشن کروائیں۔ خون کی ضرورت پڑنے یا خون کا عطیہ دینے کے لیے ہیلپ لائن 15 پر کال کرکے 4 دبائیں۔









