لاہور: ( پنجاب پوسٹ )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صاف پانی اتھارٹی کا خصوصی اجلاس ہوا، جس میں جون 2027 تک 5734 واٹر فلٹریشن پلانٹس مکمل کرنے کا ہدف دے دیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ فلٹریشن پلانٹس کی مانیٹرنگ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر کریں گے۔ اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں گلی محلے میں موجود فلٹریشن پلانٹس کے لیے عوامی کمیٹی قائم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ہر تحصیل میں پلانٹس کی مرمت و بحالی کے لیے موبائل مینٹیننس یونٹ بنایا جائے گا، جس کی موبائل ورکشاپ میں پلمبر اور دیگر تکنیکی عملہ تعینات ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے لاسٹ مائل واٹر سپلائی پراجیکٹ کی منظوری بھی دے دی۔ اس منصوبے کے تحت چکوال، راجن پور اور راولپنڈی کے زیادہ متاثرہ علاقوں میں پانی فراہم کیا جائے گا۔ چکوال میں 256 کلومیٹر اور راجن پور میں 1780 کلومیٹر تک واٹر سپلائی پراجیکٹ ترجیحی بنیادوں پر بنایا جائے گا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ کو پنجاب کے چار اضلاع میں جاری واٹر بوٹلنگ پلانٹس پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے مطابق خوشاب، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور بہاولپور میں روزانہ 10 ہزار، 19 لیٹر کی پانی کی بوتلیں تیار کی جا رہی ہیں۔ سی ایم واٹر بوٹلنگ پراجیکٹ سے مختصر عرصے میں 48 لاکھ افراد مستفید ہو چکے ہیں، جبکہ 75 ہزار سے زائد 19 لیٹر کی بوتلیں گھروں تک پہنچائی گئی ہیں۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ صاف پانی عوام کا حق ہے اور ہر فرد کو صاف پانی ضرور ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پہلی مرتبہ گھروں تک صاف پانی پہنچانے کا شرف ملنے پر وہ شکر گزار ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چکوال، راجن پور اور پنڈی کے بعد دیگر علاقوں میں بھی واٹر سپلائی اسکیمیں لائی جائیں گی، اور اب کسی کو میلوں دور سے پینے کا پانی لانے کی مشقت نہیں کرنی پڑے گی۔














