الحمدللہ، پولیو سے پاک پنجاب: عالمی یومِ انسدادِ پولیو پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا قوم کے نام پیغام، "پولیو ورکرز قوم کے ہیرو ہیں”

لاہور: ( پنجاب پوسٹ ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پولیو کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے فرنٹ لائن پر خدمات انجام دینے والے پولیو ورکرز کو قوم کا ہیرو قرار دیا اور ان کے جذبے اور خدمات کو سلام پیش کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے رواں برس پنجاب سے پولیو کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے صوبے سے پولیو کے سو فیصد خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور محکمہ صحت پوری طرح متحرک ہیں۔

مریم نواز شریف نے بتایا کہ انسدادِ پولیو مہم کے ذریعے 13 حساس اضلاع میں پانچ سال سے کم عمر ایک کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے، جبکہ لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں مہمات باقاعدگی سے منعقد کی جاتی ہیں۔ پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے صوبے بھر میں ماحولیاتی نمونوں کی مسلسل جانچ بھی کی جا رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے آئندہ مہم کے بارے میں بتایا کہ ملک بھر کے ساتھ پنجاب کے منتخب اضلاع میں 2 سے 8 نومبر 2026 تک ذیلی قومی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریاں مکمل ہیں۔ مہم کی نگرانی ڈسٹرکٹ ہیلتھ مینجمنٹ ٹیمز (DHMT)، عالمی ادارۂ صحت (WHO) کے نمائندے اور ضلعی انتظامیہ خود کر رہے ہیں۔

والدین سے اپیل کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ پانچ سال تک کے تمام بچوں کو ہر مہم میں پولیو سے بچاؤ کے دو قطرے لازمی پلوائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انسدادِ پولیو کے قطرے مکمل طور پر محفوظ، مؤثر اور بچوں کی زندگی و صحت کے لیے انتہائی اہم ہیں، اور ویکسی نیشن سے انکار دراصل بچوں کے بہتر اور محفوظ مستقبل سے انکار ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ پولیو سے مکمل نجات اور صحت مند معاشرے کے قیام کے لیے والدین سمیت ہر فرد کا بھرپور تعاون نہایت ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ نے خبردار کیا کہ انسداد پولیو مہم کامیابی کی جانب گامزن ہے، تاہم ہمہ جہت اور مستقل کاوشوں کے بغیر خدانخواستہ پولیو دوبارہ پلٹ سکتا ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے