لاہور: ( پنجاب پوسٹ )پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سہ ملکی سیریز کے چوتھے میچ کے لیے لاہور میں سکیورٹی کے جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ قومی و غیر ملکی کھلاڑیوں، آفیشلز اور شائقین کے تحفظ کے لیے چار درجاتی سکیورٹی پلان نافذ کیا گیا ہے، جس کے تحت 5 ہزار سے زائد افسران و جوان ڈیوٹی پر مامور ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ہر سکیورٹی لیول کی نگرانی ایس پی رینک کے افسران کر رہے ہیں۔ پہلے سکیورٹی لیول میں 1526 پولیس افسران و جوان تعینات ہیں، جبکہ دوسرے حصار پر 1276 جوان مامور کیے گئے ہیں۔ تیسرے سکیورٹی دائرے کی حفاظت 2374 پولیس جوان کر رہے ہیں، جبکہ داخلی ناکوں پر 813 اہلکار تعینات ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : "میچ کے دوران کوئی روڈ بند نہیں ہوگا”: سی ٹی او لاہور نے ٹریفک پلان کا اعلان کر دیا
انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کے لیے 6 ایس پیز، 19 ڈی ایس پیز اور 45 انسپکٹرز و ایس ایچ اوز بھی ڈیوٹی پر موجود ہیں۔ خواتین شائقین کی سکیورٹی اور چیکنگ کے لیے 229 لیڈی اہلکار فرائض انجام دے رہی ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ سپروائزری افسران فرداً فرداً تمام سکیورٹی پوائنٹس کا معائنہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس کرکٹ میچز کے پُرامن انعقاد کے لیے پُرعزم ہے اور گزشتہ ایونٹس کی طرح اس بار بھی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنایا گیا ہے۔









