لاہور (پنجاب پوسٹ) شاہدرہ ٹاؤن پولیس نے موبائل شاپ سے چوری ہونے والے 14 قیمتی موبائل فون برآمد کرتے ہوئے ملزم شفیق الرحمان کو گرفتار کر لیا، جس کے بعد مایوس دکاندار کے چہرے پر خوشی لوٹ آئی۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزم نے 9 اکتوبر کو رات کی تاریکی میں دکان کا شٹر توڑ کر واردات کی۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزم کو واردات کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور تکنیکی شواہد کی مدد سے ملزم کی لوکیشن ٹریس کی۔
ملزم نے چوری شدہ 2 موبائل فون فروخت کر دیے تھے، جن کا سراغ آئی ایم ای آئی نمبرز کی مدد سے ملا۔ ملزم کے کرایہ دار ہونے کی معلومات بھی گرفتاری میں معاون ثابت ہوئیں۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے 78 ہزار روپے بھی برآمد کیے ہیں۔ ترجمان کے مطابق مزید ریکوری کے لیے ملزم سے تفتیش جاری ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کو جدید ٹیکنالوجی سے ٹریس کر کے قانون کی گرفت میں لایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کی لوٹی گئی املاک کی برآمدگی اور ملزمان کی گرفتاری پولیس کی اولین ترجیح ہے۔









