خانیوال(پنجاب پوسٹ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے گڈ گورننس وژن کے مطابق سرکاری اداروں میں عوامی خدمات کی فراہمی مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر خانیوال حنا ارشد نے سرکاری دفاتر میں افسران و ملازمین کی سو فیصد حاضری اور مقررہ اوقات میں موجودگی یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر حنا ارشد کی زیر صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور محکموں کے سربراہان کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر کے سرکاری محکموں کی کارکردگی اور عوامی خدمات کے معیار کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کو ریلیف کی فراہمی اور بہترین پبلک سروس ڈیلیوری ہونی چاہیے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے تمام محکموں کی کارکردگی اور عوامی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صفائی، نکاسی آب اور شہری مسائل کے فوری حل کے لیے تمام متعلقہ محکمے مؤثر اقدامات یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ خودساختہ مہنگائی مافیا کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ شہریوں کو ریلیف کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
حنا ارشد نے مزید ہدایت کی کہ تمام جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور تعمیراتی کاموں میں شفافیت کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔








