لاہور(پنجاب پوسٹ) ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن آف پنجاب (TDCP) کے زیرِ اہتمام گیارھویں تھل ڈیزرٹ ریلی 5 سے 8 نومبر 2026ء تک لیہ، کوٹ ادو اور مظفرگڑھ کے صحرائے تھل میں منعقد ہوگی۔ ملکی و غیر ملکی ریسرز 210 کلومیٹر طویل ٹریک پر مختلف کیٹیگریز میں حصہ لیں گے۔
مسٹر عاصم رضا (PAS)، منیجنگ ڈائریکٹر، TDCP کے مطابق ریلی کا مقصد ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دینا، جنوبی پنجاب کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنا اور مقامی معیشت کو مستحکم بنانا ہے۔ سیاحوں اور شرکاء کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے انتظامات جاری ہیں۔
5 نومبر کو چھانگا مانگا ٹیلا، کوٹ ادو میں گاڑیوں کی رجسٹریشن، تکنیکی و طبی معائنہ ہوگا، جبکہ شام کو TDCP ڈولفن ریزورٹ، تونسہ بیراج میں ڈرائیورز کانفرنس اور قرعہ اندازی منعقد ہوگی۔
6 نومبر کو کوالیفائنگ راؤنڈ اور 7 نومبر کو اسٹاک کیٹیگری کی ریس ہوگی۔ اسی شام ڈولفن ریزورٹ میں ثقافتی پروگرام اور آتش بازی کا اہتمام کیا جائے گا۔
8 نومبر کو پری پیئرڈ، ویمن، ڈرٹ بائیک، کواڈ بائیک اور 6×6 کیٹیگریز کے مقابلے ہوں گے۔ تقریبِ تقسیمِ انعامات رات 8 بجے سرکٹ ہاؤس، مظفرگڑھ میں ہوگی۔
ریلی کے دوران تینوں اضلاع میں ثقافتی شوز، فیملی گالا، جھمر، میوزیکل نائٹس، نیزہ بازی اور روایتی کھیلوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
تھل ڈیزرٹ ریلی جنوبی پنجاب کی سیاحت، ثقافت اور مقامی معیشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔








