شیخوپورہ (پنجاب پوسٹ) فاروق آباد ٹیکسی اسٹینڈ پر دلخراش واقع گاڑی کھڑی کرنے کے معمولی تنازع پر ہونے والی تلخ کلامی خونریز تصادم میں تبدیل ہو گئی، جہاں ملزم کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔
واقعہ فاروق آباد کے مصروف ٹیکسی اسٹینڈ پر پیش آیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈرائیورز زاہد خان اور عاقب کے درمیان گاڑی کھڑی کرنے کے معاملے پر معمولی تلخ کلامی شروع ہوئی۔ بات اتنی بڑھ گئی کہ ملزم عاقب ذوالفقار طیش میں آ گیا اور اس نے مبینہ طور پر زاہد خان، خرم شہزاد اور فہد پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے اس ہولناک نتیجے میں زاہد خان اور خرم شہزاد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ فہد نامی تیسرا شخص شدید زخمی ہو گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی کو اسپتال منتقل کیا۔
اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس کی بھاریفورس موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے لاشوں کو تحویل میں لے لیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولین کے ورثاء کے بیان اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جب کہ فائرنگ کے بعد فرار ہونے والے ملزم عاقب ذوالفقار کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایس ایچ او سٹی رانا رضوان الی نے کہا پولیس کا عزم ہے کہ ملزم کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔








