لاہور (پنجاب پوسٹ) کوٹ لکھپت جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ سمیت پارٹی قیادت کو خط ارسال کرتے ہوئے موجودہ قیادت سے مکمل اظہار یکجہتی کیا ہے۔ رہنماؤں نے خط وکیل رانا مدثر کے توسط سے بھجوایا، جس میں پارٹی قیادت کو مشکل حالات میں صبر، بردباری اور اتحاد کا مظاہرہ کرنے کا پیغام دیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ اس وقت پارٹی مشکلات سے دوچار ہے، ایسے حالات میں افواہوں اور خبروں کی بنیاد پر ردعمل دینے سے گریز کیا جائے۔ پارٹی رہنما میڈیا پر ذاتی رائے دینے کے بجائے جماعت کی پالیسی کے مطابق بیانات دیں تاکہ پارٹی میں اتحاد برقرار رہے۔
قید رہنماؤں نے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ یہ وقت استعفے دینے اور استعفے مانگنے کا نہیں بلکہ اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنے کا ہے۔ خط میں شاہ محمود قریشی کی رہائی کو اولین ترجیح دینے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی تین سال سے قید ہیں، اس لیے موجودہ حالات میں پارٹی کو متحد رہنے کی ضرورت ہے۔ رہنماؤں نے پارٹی قیادت پر زور دیا کہ وہ صبر و تحمل سے کام لے اور غیر مصدقہ خبروں پر ردعمل دینے سے گریز کرے۔
یہ خط شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، عمر سرفراز چیمہ، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید کی جانب سے بھجوایا گیا ہے۔














