لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے عالمی پب جی موبائل ای سپورٹس ایونٹ میں شرکت کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلی مرتبہ عالمی پب جی موبائل ای سپورٹس ایونٹ کی میزبانی کر رہا ہے اور 32 ممالک کی ٹیموں کی شرکت پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ان کے مطابق ای سپورٹس ایونٹ کا انعقاد ڈیجیٹل کھیلوں کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
صوبائی وزیر کھیل کا کہنا تھا کہ ای سپورٹس محض تفریح نہیں بلکہ ایک باقاعدہ عالمی صنعت بن چکی ہے، جو ترقی، روزگار اور عالمی سطح پر پاکستان کی پہچان بنانے کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں ای سپورٹس کے شعبے میں آگے بڑھنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی ای سپورٹس ایونٹ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کا بہترین موقع ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی قیادت میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ روایتی کھیلوں کے ساتھ جدید ڈیجیٹل کھیلوں اور ای سپورٹس کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔













