لاہور (پنجاب پوسٹ)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے اپنے دفتر میں کھلی کچہری لگا کر شہریوں کی شکایات سنیں اور متعلقہ ایس ایچ اوز کو فوری کارروائی کی ہدایات جاری کیں۔
کھلی کچہری میں ایک خاتون نے اپنے بہنوئی پر امانت کے طور پر رکھوایا گیا سونا واپس نہ کرنے کی شکایت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایچ او بادامی باغ کو خاتون کا سونا واپس دلوانے کا حکم دیا۔ ایک اور خاتون نے اپنے بھائیوں پر جائیداد سے محروم رکھنے اور تشدد کا الزام عائد کیا، جس پر ایس ایچ او فیکٹری ایریا کو مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: "کام نہیں تو عہدہ نہیں”: ڈی آئی جی آپریشنز کا تخفیفِ جرم پر ایس ایچ اوز کو الٹی میٹم
سود خور کی دھمکیوں اور رقم خرد برد کی شکایت پر ایس ایچ اوز گڑھی شاہو، شاہدرہ ٹاؤن اور ٹاؤن شپ کو قانونی کارروائی کا حکم دیا گیا۔ ایک بزرگ باپ نے اپنے بیٹے کے مبینہ ناروا سلوک کی شکایت کی، جس پر ایس ایچ او سانده کو انہیں تحفظ فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔
جائیداد اور کرایہ داری سے متعلق متعدد دیگر شکایات بھی پیش کی گئیں۔
فیصل کامران نے کہا کہ شہریوں کے مسائل کا میرٹ اور قانون کے مطابق فوری حل ان کی ترجیح ہے اور کھلی کچہری میں ہر شہری کی شکایت توجہ سے سنی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ہفتے کے چھ روز اپنے دفتر میں کھلی کچہری لگاتے ہیں، جبکہ اتوار کو آن لائن کھلی کچہری میں شہری براہِ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔









