لاہور: ( پنجاب پوسٹ ) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے صدر ڈویژن میں انسدادِ جرائم کے حوالے سے اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں تخفیفِ جرم اور درست دفعات کے اندراج میں غفلت برتنے والے افسران کو سخت الٹی میٹم دیا گیا۔ اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی صدر، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارج چوکی شریک تھے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے دوٹوک انداز میں کہا کہ کام نہ کرنے والے ایس ایچ اوز اپنے عہدوں پر نہیں رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تخفیفِ جرم اور جعلی کارروائیاں کسی صورت قبول نہیں کی جائیں گی اور مقدمات میں درست دفعات کا اندراج ہر صورت یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں تھانہ جات کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے علاقائی سطح پر مخصوص ہدایات جاری کی گئیں۔ ایس ایچ او چوہنگ اور نواب ٹاؤن کو موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں پر قابو پانے کی ہدایت کی گئی، جبکہ ایس ایچ او سندر، ستوکتلہ اور چوہنگ کو کال رسپانس ٹائم بہتر بنانے کا حکم دیا گیا۔ ایس ایچ او مصطفیٰ ٹاؤن کو ہدایت کی گئی کہ SIPS وائیلیشن ہرگز نہ ہونے دی جائے۔
فیصل کامران نے جیب کتروں اور موبائل چوروں کے خلاف بھرپور کارروائیوں کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی واقعے کی صورت میں متعلقہ ایس ایچ او خود موقع پر پہنچے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تھانوں کے ٹیب اور تمام برقی آلات ورکنگ حالت میں رکھے جائیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے پرائیویٹ ملازمین اور کرایہ داروں کے اندراج کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔









