لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا ہے کہ عوامی خدمت کسی ایک دن کا کام نہیں بلکہ مسلسل ذمہ داری کا نام ہے، پنجاب کے طول و عرض میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوامی مسائل کا حل اور پسماندہ علاقوں کی ترقی ہے۔
بلال یاسین نے اپنے حلقہ انتخاب میں ہفتہ وار کھلی کچہری لگائی، جہاں حلقے کے عمائدین اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا۔
صوبائی وزیر بلال یاسین کا کہنا تھا کہ صوبے کی ترقی صرف بڑی سڑکوں اور عمارتوں کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ صاف پانی، نکاسی آب، بہتر رہائشی سہولیات، صحت، تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا بھی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ حلقے کا کوئی شہری اپنے جائز مسئلے کے حل کے لیے خود کو تنہا محسوس نہ کرے۔ ترقیاتی منصوبوں کی کامیابی کا اصل پیمانہ یہی ہے کہ عام شہری کو ان سے کتنا فائدہ پہنچ رہا ہے۔
وزیر ہاؤسنگ پنجاب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے ذریعے لاکھوں خاندانوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی ہیں۔ کم آمدن والے خاندانوں کو رہائش کی سہولت فراہم کرنا سماجی تحفظ اور معاشی استحکام کے لیے اہم ہے۔
بلال یاسین کا کہنا تھا کہ پنجاب کی وزیر اعلیٰ کی کارکردگی کا موازنہ کسی بھی دوسرے صوبے کے وزیر اعلیٰ سے کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی سیاست کا بنیادی مقصد عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا حل ہے، جبکہ عوام کا اعتماد وعدوں کے بجائے عملی اقدامات، شفافیت اور جواب دہی سے قائم ہوتا ہے۔












