لاہور (پنجاب پوسٹ)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیرِ صدارت جرائم کی روک تھام سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ڈی آئی جی عمران کشور، ڈی آئی جی ذیشان رضا اور ڈی آئی جی فیصل کامران کے علاوہ ایس ایس پی محمد نوید، ایس ایس پی عبداللہ احمد اور ڈویژنل ایس پیز نے شرکت کی۔سی سی پی او نے جیب تراشی میں ملوث منظم گروہوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ جیب تراشوں کے خلاف خصوصی مہم چلائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ چوری اور نقب زنی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں، جبکہ جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے سیف سٹی کے کیمرہ نیٹ ورک سے مدد لی جائے۔ مقدمات کے اندراج کے لیے جھوٹی درخواستیں دینے والوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت کی گئی۔
بلال صدیق کمیانہ نے نقب زنی کے ہاٹ اسپاٹس پر سکیورٹی بیریئرز اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے شہری علاقوں میں سکیورٹی گارڈز کی تعیناتی اور دیہی علاقوں میں ٹھیکری پہرے کا مؤثر نظام یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
سی سی پی او نے کہا کہ خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر سے سختی سے نمٹا جائے اور خواتین کا تحفظ اور قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے۔
انہوں نے سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ وہ رات گئے تک دفاتر میں موجود رہیں اور جرائم کی صورتحال کی خود نگرانی کریں۔ افسران باقاعدگی سے فیلڈ وزٹس کریں، تھانوں میں وقت گزاریں اور ماتحت عملے کی کارکردگی کی نگرانی کریں۔ اشتہاری اور دیگر مطلوب ملزمان کی فوری گرفتاری بھی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔











