لاہور (پنجاب پوسٹ) گارڈن ٹاؤن پولیس نے 10 سالہ گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
گرفتار ملزمان میں عامر لیاقت اور اس کا بڑا بھائی بابر لیاقت شامل ہیں۔ متاثرہ بچی آمنہ کا تعلق پاکپتن سے ہے اور وہ گزشتہ 5 سے 6 ماہ سے ملزم کے گھر ملازمہ تھی۔ بچی کے والد نے ملزمان پر بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:حمزہ شہباز کی شہید میجر وجاہت وحید کے گھر آمد، اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت
پولیس کے مطابق تھانہ گارڈن ٹاؤن میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ بچی پر تشدد میں ملوث دیگر نامزد ملزم کے کردار کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کہا کہ کمسن بچوں پر تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گھریلو ملازمین، خصوصاً بچوں پر تشدد کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی عزت، تحفظ اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور معصوم بچوں پر ہاتھ اٹھانے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔










