لاہور(پنجاب پوسٹ) ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ ریلوے انعام اللہ نے لاہور سے شاہدرہ تک ریلوے ٹریک کی موٹر ٹرالی کے ذریعے انسپیکشن کی، اس دوران ٹریک کی حفاظت، مینٹیننس اور ریلوے اسٹیشنوں پر مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا گیا۔
ڈی ایس ریلوے نے ٹریک گیج، لیول اور فٹنگز کی جانچ پڑتال کی اور مقررہ معیار کے مطابق مینٹیننس یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے بادامی باغ اور شاہدرہ کے درمیان انجینئرنگ لیول کراسنگ نمبر 5 کا معائنہ کیا، جبکہ راوی برج کا خصوصی دورہ کرکے محفوظ ریلوے آپریشنز کا جائزہ بھی لیا۔
ڈی ایس ریلوے انعام اللہ نے بادامی باغ اور شاہدرہ ریلوے اسٹیشنوں کا دورہ کرتے ہوئے صفائی، روشنی، پانی کی فراہمی، اسٹیشن ریکارڈ اور مسافروں کے بیٹھنے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو اسٹیشنوں پر صفائی کا معیار برقرار رکھنے اور مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔
اس موقع پر ڈی ایس ریلوے انعام اللہ کا کہنا تھا کہ مسافروں کو معیاری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے وژن کے مطابق ریلوے اسٹیشنوں پر سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے گا، جبکہ ٹریک سیفٹی اور بروقت مینٹیننس پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
انسپیکشن کے دوران ڈویژنل ایگزیکٹو انجینئر فرحت عباس فخری، پرماننٹ وے انسپکٹر محمد امجد سمیت متعلقہ عملہ بھی ان کے ہمراہ تھا۔









