لاہور (پنجاب پوسٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خواتین کو آن لائن بلیک میلنگ اور شہریوں کو آن لائن مالی فراڈ کے بڑھتے ہوئے خطرات سے خبردار کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ مائیں اور بہنیں اپنی ذاتی تصاویر کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں اور تصدیق کے بغیر کسی کو آن لائن پیسے ٹرانسفر نہ کریں۔
لاہور میں سائبر کرائم کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ آن لائن فراڈ کی متعدد صورتیں سامنے آ رہی ہیں، جن میں خواتین اور بچیوں سے مختلف بہانوں کے ذریعے تصاویر اور ویڈیوز حاصل کرکے انہیں بلیک میل کیا جاتا ہے۔
انہوں نے شہریوں، بالخصوص خواتین، پر زور دیا کہ وہ اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے انتہائی احتیاط کریں کیونکہ بعض عناصر ان مواد کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ اگر کوئی شخص بیماری کا بہانہ بنا کر بھی آن لائن پیسے مانگے تو تصدیق کیے بغیر رقم نہ بھیجی جائے۔ شہری آن لائن رقم کا مطالبہ کرنے والے افراد کی شناخت کی تصدیق کریں اور جعلی اکاؤنٹس سے محتاط رہیں۔










