لاہور (پنجاب پوسٹ) متروکہ وقف املاک بورڈ نے لاہور، ننکانہ صاحب اور قصور میں غیر قانونی قابضین کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے قیمتی ٹرسٹ پراپرٹیز واگزار کرا لیں۔ آپریشن کے دوران ننکانہ زون میں 18 کمرشل دکانوں اور 4 پراپرٹیز کا قبضہ حاصل کر لیا گیا۔
لاہور کے مصری شاہ میں 18 دکانیں جبکہ ایبک روڈ پر مزید 3 کمرشل دکانیں غیر قانونی قابضین سے واگزار کرائی گئیں۔ مانگا بائی پاس پر تقریباً 13 کروڑ روپے مالیت کی 13 دکانیں واگزار کرائی گئیں، جبکہ قصور میں 10 کروڑ روپے مالیت کی 47 دکانوں کا قبضہ بھی حاصل کر لیا گیا۔
رات کی تاریکی میں غیر قانونی تعمیرات کی اطلاع ملنے پر فوری کارروائی کرتے ہوئے تعمیرات مسمار کر دی گئیں۔ واگزار کرائی گئی ٹرسٹ پراپرٹیز پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں۔
آپریشن میں متروکہ وقف املاک بورڈ کے افسران، سیکیورٹی عملے اور مقامی پولیس نے بھرپور حصہ لیا۔ یہ کارروائیاں نادہندگان، غیر قانونی قابضین اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف کی گئیں۔
چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر الزمان نے کہا کہ ٹرسٹ اراضی پر قبضہ سنگین جرم ہے اور غیر قانونی قابضین کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں مرحلہ وار گرینڈ آپریشنز کیے جائیں گے اور ٹرسٹ املاک کو واگزار کرا کے اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔









