لاہور (پنجاب پوسٹ) بسنت 2027 کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر لاہور نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس میں پتنگ بازی، پتنگوں اور ڈور کی تیاری، خریداری، نقل و حمل اور فروخت کے لیے مختلف تاریخیں مقرر کی گئی ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق 12 سے 14 مارچ 2027 تک ضلع لاہور کے مخصوص ممنوعہ علاقوں کے علاوہ پتنگ بازی کی اجازت ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں پتنگوں اور ڈور کی تیاری کے لیے 5 ستمبر 2026 سے 14 مارچ 2027 تک اجازت دی گئی ہے، جبکہ پتنگ بازی کے سامان کی خریداری، نقل و حمل اور ذخیرہ کرنے کی اجازت یکم فروری 2027 سے ہوگی۔ سامان کی فروخت 10 فروری سے 14 مارچ 2027 تک کی جا سکے گی۔
پتنگوں اور ڈور کے مینوفیکچررز، تاجروں اور دکانداروں کی ڈیجیٹل رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ صرف رجسٹرڈ دکاندار پتنگ بازی کا سامان فروخت کر سکیں گے، جبکہ رجسٹرڈ مینوفیکچررز اور دکانداروں کو اسٹاک اور فروخت کا مکمل ریکارڈ رکھنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: شہریوں سے لاکھوں کا فراڈ کرنے والے دو ملزمان کو سزائیں، کمرہ عدالت سے گرفتار
نوٹیفکیشن کے مطابق پتنگ کی لمبائی 35 انچ اور چوڑائی ساڑھے چار گِٹھی سے زیادہ نہیں ہوگی، جبکہ گڈے کی لمبائی 34 انچ اور چوڑائی ڈیڑھ توا مقرر کی گئی ہے۔
خطرناک ڈور، دھاتی تار، نائلون ڈور اور تیز مانجھا بنانے اور استعمال کرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ڈور کی تیاری میں صرف نوٹیفکیشن کے تحت اجازت یافتہ مواد استعمال کیا جا سکے گا۔
موٹر سائیکلوں پر سیفٹی راڈز کی تنصیب سمیت دیگر حفاظتی اقدامات پر عمل درآمد بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو بسنت کے دوران مقررہ حفاظتی شرائط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن میں بسنت کے لیے 12 سے 14 مارچ 2027 کی تاریخیں مقرر کی گئی ہیں، تاہم تاریخ میں تبدیلی کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔










