سرگودھا(پنجاب پوسٹ)بھلوال سٹی پولیس نے منشیات فروشوں اور چوری کی وارداتوں میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک منشیات فروش کو گرفتار کر لیا، جبکہ چوری اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث دو رکنی گینگ بھی گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 360 گرام آئس اور 5 لاکھ 84 ہزار روپے سے زائد مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈی پی او سرگودھا توقیر محمد نعیم کی ہدایت پر ایس ایچ او بھلوال سٹی حسنات احمد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے منشیات فروش اسامہ کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 360 گرام آئس برآمد ہوئی۔ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی۔
دوسری کارروائی کے دوران پولیس نے چوری اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث دو رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت اطہر اور عامر کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 5 لاکھ 84 ہزار روپے سے زائد مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کرکے قانونی کارروائی کے بعد اصل مالکان کے حوالے کر دیا گیا۔
ڈی پی او سرگودھا توقیر محمد نعیم کا کہنا ہے کہ منشیات فروش نوجوان نسل کے مستقبل کو نقصان پہنچا رہے ہیں، ایسے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جرائم میں ملوث ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لا کر قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔









