لاہور (پنجاب پوسٹ) پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے گزشتہ ایک ماہ میں 255 کامیاب آپریشنز کیے اور285 منشیات فروشوں کو گرفتار کر لیا۔ مزید یہ کہ 1020 کلو گرام منشیات کی ترسیل ناکام کی۔
جبکہ 40 پستول، 8 رائفلیں اور 2 مشین گنیں برآمد کیں۔ دو اشتہاری منشیات فروش اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے جبکہ 3 زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔منشیات فروشوں کی فائرنگ سے پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کے تین جوان بھی زخمی ہوئے۔
16 ستمبر سے اب تک 550 کلوگرام کوکین، 1.9 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔کارروائیوں کے دوران 100 کلوگرام پوپی اسٹرا اور 620 کلوگرام بھنگ بھی برآمد ہوئی۔اسی طرح پچھلے ایک ماہ کے دوران 241 کلوگرام چرس اور 28.2 کلوگرام افیون برآمد کی گئی تھی۔ کارروائیوں میں 26 کلوگرام آئس اور 540 لیٹر شراب بھی برآمد ہوئی۔
منشیات کے اسمگلروں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری ہیں، ترجمان پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس کا کہنا ہے کہ عوام اپنے گرد و نواح میں منشیات فروشی سے متعلق سرگرمیوں کی ہیلپ لائن 1012 پر اطلاع دیں۔









