لاہور (پنجاب پوسٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کے دھی رانی پروگرام کے تحت رواں مالی سال میں پنجاب کے تمام اضلاع میں 5 ہزار اجتماعی شادیوں کا ہدف مقرر کر دیا گیا۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ کی زیر صدارت پروگرام کے انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب ڈاکٹر شہنشاہ فیصل عظیم سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں اجتماعی شادیوں کے انعقاد، مقامات کے انتخاب اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ ڈائریکٹوریٹ جنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال پنجاب کی جانب سے جاری کردہ معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) پر بریفنگ دی گئی۔ صوبائی وزیر نے اجتماعی شادیوں کے انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت ہے کہ مستحق خاندانوں اور اقلیتی برادری کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اجتماعی شادیوں کی تقریبات اور مہمانوں کے کھانے کے انتظامات معیاری اور باوقار انداز میں کیے جائیں۔
صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ دھی رانی پروگرام کے تمام مراحل میں شفافیت اور مقررہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ مستحق خاندانوں کے لیے شروع کیے گئے فلاحی پروگرام میں کسی قسم کی غفلت یا بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو باہمی رابطے اور مؤثر حکمت عملی کے ذریعے پروگرام کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مستحق افراد کو حکومتی سہولیات کے حصول میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
سہیل شوکت بٹ نے مزید کہا کہ دھی رانی پروگرام کے تحت مقررہ 5 ہزار اجتماعی شادیوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے تمام افسران مستعدی سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔









