لاہور (پنجاب پوسٹ) سائبر جرائم کے خلاف کارروائیوں میں لاہور، فیصل آباد اور ملتان سے مجموعی طور پر 24 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر کی ہدایت پر ہونے والی کارروائیوں میں فیصل آباد کے دو غیر قانونی کال سینٹرز، آن لائن مالی فراڈ اور خاتون کو ہراساں کرنے کے مقدمات سمیت مختلف معاملات میں گرفتاریاں عمل میں لائی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں دو غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائیوں کے دوران 19 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ ملتان میں آن لائن فراڈ اور خاتون کو ہراساں کرنے کے مقدمات میں چار ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ لاہور میں حکومتی اداروں کے خلاف ریاست مخالف گفتگو کرنے کے معاملے میں ایک ملزم گرفتار کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: شہریوں سے لاکھوں کا فراڈ کرنے والے دو ملزمان کو سزائیں، کمرہ عدالت سے گرفتار
این سی سی آئی اے نے فیصل آباد میں پہلی کارروائی سوساں روڈ پر راوی مارکیٹ کے قریب واقع زور ویکس سلوشن (Zorvex Solution) میں کی، جہاں سے تین افراد کو گرفتار کرکے تین لیپ ٹاپ اور تین موبائل فون برآمد کیے گئے۔
حکام کے مطابق لیپ ٹاپس کی جانچ کے دوران کالنگ سافٹ ویئر اور غیر ملکی شہریوں کے پاسپورٹس، ڈرائیونگ لائسنس، بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات اور ذاتی تصاویر سے متعلق مواد ملا۔
ملتان میں آن لائن خرید و فروخت کے فراڈ، ای بے پر سرمایہ کاری کے نام پر شہریوں سے رقم ہتھیانے اور ایک خاتون کی نجی ویڈیوز بنا کر اسے ہراساں کرنے کے مقدمات میں چار ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
دوسری جانب لاہور میں حکومتی اداروں کے خلاف ریاست مخالف گفتگو کے معاملے پر ایک ملزم کے خلاف کارروائی کی گئی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون عاطف امیر نے کہا ہے کہ سائبر جرائم اور آن لائن مالی فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔











