لاہور(پنجاب پوسٹ)آئی جی پنجاب عبدالکریم نے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے لاہور سمیت پنجاب بھر میں پٹرولنگ بڑھانے کا حکم دے دیا ہے۔ انہوں نے یہ احکامات سنٹرل پولیس آفس میں اپنی زیر صدارت منعقدہ اہم اجلاس میں جاری کیے۔
آئی جی پنجاب نے ضلعی پولیس سربراہان کو ہدایت کی کہ رات کے اوقات میں جرائم کی روک تھام کے لیے نائٹ پٹرولنگ کو مزید سخت اور موثر بنایا جائے۔ انہوں نے حکم دیا کہ تمام پٹرولنگ گاڑیوں میں بہرصورت کل تک ٹریکرز نصب کیے جائیں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے دفاتر میں گاڑیوں کی ٹریکنگ اور پٹرولنگ کی خود مانیٹرنگ کریں، جبکہ ایس ایچ اوز، ایس ڈی پی اوز اور ایس پیز سمیت سینئر افسران خود فیلڈ میں جا کر پٹرولنگ کریں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ پٹرولنگ کے امور میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ انہوں نے تمام سینئر پولیس افسران کو تھانوں کے دورے کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ فرنٹ ڈیسک، حوالات اور ریکارڈ روم سمیت تمام امور کا خود جائزہ لیا جائے۔
اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب، آر پی او فیصل آباد، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور، اے آئی جی آپریشنز اور اے آئی جی ایڈمن اینڈ سکیورٹی نے شرکت کی۔ سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب، تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔









