لاہور (پنجاب پوسٹ) ورلڈ پولیو ڈے کے موقع پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک ہوئے۔ تقریب میں عظمیٰ کاردار، سیکرٹری صحت و آبادی نادیہ ثاقب، انٹرنیشنل پارٹنرز، پولیو ورکرز اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی مشن ہے اور ہر بچے کو اس مرض سے محفوظ بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ صرف پنجاب نہیں بلکہ پورے پاکستان کو پولیو فری بنایا جائے گا۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پولیو کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ بین الصوبائی سرحدوں پر پولیو ٹیمیں 24 گھنٹے متحرک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سو فیصد گھروں کی کوریج ہمارا ہدف ہے اور ہر بچے اور ہر گھر تک رسائی یقینی بنائی جائے گی۔ ڈیجیٹل ڈیٹا کے ذریعے بچوں کی نشاندہی اور ویکسینیشن مزید مؤثر ہو گی۔
خواجہ عمران نذیر نے پولیو ورکرز کو فرنٹ لائن ہیروز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے تحفظ اور عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیا کی نشاندہی پر پولیو ٹیموں سے متعلق شکایات کا ازالہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تنخواہوں کے نظام کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔
وزیر صحت نے والدین سے اپیل کی کہ وہ ہر مہم میں بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں، کیونکہ ویکسین پلانا والدین کی ذمہ داری بھی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کا تحفظ پاکستان کے مستقبل کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ انسداد پولیو سے متعلق قانون سازی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح معرکۂ حق اور معرکۂ امن میں کامیابی حاصل کی گئی، اسی طرح پولیو کے خلاف جنگ بھی جیتی جائے گی اور پولیو کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی۔













