ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز: لاہور پولیس کا جامع سکیورٹی پلان تیار، فول پروف انتظامات کا اعلان

لاہور(پنجاب پوسٹ)ٹرائی نیشن کرکٹ سیریز کے لیے لاہور پولیس نے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔ لاہور میں سیریز کے فائنل سمیت چار میچز کھیلے جائیں گے، جبکہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا میچ 25 اکتوبر کو قذافی اسٹیڈیم میں شیڈول ہے۔

سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ ٹرائی نیشن سیریز کے تمام میچوں کے لیے فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ان کے مطابق کھلاڑیوں کی قیام گاہ، آمد و رفت کے روٹس اور قذافی اسٹیڈیم کے اطراف سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

سی سی پی او نے بتایا کہ کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز اور شائقینِ کرکٹ کو پُرامن اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔ اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے سخت اصول وضع کیے گئے ہیں اور مکمل تلاشی اور سکیورٹی کلیئرنس کے بعد ہی شائقین کو اندر جانے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ میچز کے دوران پولیس کی پٹرولنگ ٹیمیں مسلسل گشت کریں گی۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں کے ذریعے اہم مقامات کی مسلسل مانیٹرنگ بھی کی جائے گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

بلال صدیق کمیانہ کے مطابق قذافی اسٹیڈیم سے ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں اور شائقین کو آمد و رفت میں دشواری نہ ہو۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ پولیس شہریوں کے تحفظ اور کھیلوں کے فروغ کے لیے مسلسل سرگرم عمل ہے۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے