لاہور (پنجاب پوسٹ) ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واضح کیا ہے کہ تھانوں میں آنے والی درخواستوں پر ای ٹیگ نہ لگانے والے ایس ایچ اوز کو گھر جانا پڑے گا۔ انہوں نے سٹی ڈویژن کی انسدادِ جرائم میٹنگ میں افسران کو ہدایت کی کہ تھانوں میں آنے والی تمام درخواستوں پر ای ٹیگ لگانا لازمی یقینی بنایا جائے، جبکہ جرائم میں کمی ظاہر کرنے کے لیے اعدادوشمار میں ردوبدل اور جعلی کارروائیاں کسی صورت قبول نہیں کی جائیں گی۔
میٹنگ میں ایس پی سٹی، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارج چوکی نے شرکت کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے ایس ایچ اوز ٹبی سٹی، لوہاری گیٹ اور مستی گیٹ کو جرائم پر قابو پانے کا حکم دیا، جبکہ ایس ایچ اوز شاہدرہ، اسلامپورہ اور شاہدرہ ٹاؤن کو اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
فیصل کامران نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور اس کی نمائش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے، منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور اقدامات اٹھانے اور نوسربازوں، جیب تراشوں اور موبائل فون چوروں کو گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے ماتحت اہلکاروں کے ساتھ اچھا رویہ اپنائیں اور ٹیم ورک کے ذریعے محکمہ پولیس کی بہتری کے لیے کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ تھانوں میں آنے والے سائلین کے ساتھ عزت و احترام سے پیش آیا جائے اور انہیں غیر ضروری انتظار نہ کروایا جائے۔
فیصل کامران نے واضح کیا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔ کرپشن ثابت ہونے پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔









