لاہور (پنجاب پوسٹ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پولیس افسران تھانوں کے ماحول کو بہتر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ شہری انصاف کے حصول کے لیے تھانوں میں آنے سے ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔ ضمیر کی آواز سنیں اور میرٹ پر فیصلے کریں، کسی شہری کے ساتھ زیادتی نہیں ہونی چاہیے۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے نیشنل پولیس اکیڈمی میں سندھ پولیس کے زیرِ تربیت ڈی ایس پیز کے وفد نے ایس پی اورنگزیب کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے وفد کے شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پولیس کا نظام خلفائے راشدین کے زمانے سے چلا آ رہا ہے اور یہ بہت ذمہ داری کا کام ہے۔ قوم کو پولیس افسران سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں، اس لیے انہیں اپنی ذمہ داریاں دیانت داری اور احساسِ ذمہ داری کے ساتھ ادا کرنی چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں: دہشت گرد جہاں بھی موجود ہوں گے، انہیں سخت جواب دیا جائے گا، فیلڈ مارشل
سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ افسران خود کو سائل کی جگہ رکھ کر دیکھیں۔ اگر اللہ تعالیٰ نے انہیں عہدے سے نوازا ہے تو اسے لوگوں کی بھلائی کے لیے استعمال کریں اور یقینی بنائیں کہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے نظامِ انصاف میں بہت سی کمزوریاں موجود ہیں جنہیں دور کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔ عوامی خدمت میں دیانت داری، غیر جانبداری اور لگن کی اہمیت کو اجاگر کرنا بھی انتہائی ضروری ہے۔








