لاہور(پنجاب پوسٹ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی گورننگ کونسل کا ورچوئل اجلاس ختم ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس کی صدارت چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کی، جس میں پی ایس ایل کے 12ویں ایڈیشن کے انعقاد، شیڈول، کھلاڑیوں کی آکشن اور فرنچائزز کے مالی معاملات پر مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل 12 کا آغاز طے شدہ تاریخ 18 مارچ سے ہوگا، جبکہ لیگ کی سرگرمیاں 15 مارچ سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ ایونٹ کے شیڈول پر کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں مزید مشاورت کی جائے گی۔ ساؤتھ ایشین گیمز کو مدنظر رکھتے ہوئے شیڈول تیار کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، جبکہ گیمز کے دوران متعلقہ شہروں میں پی ایس ایل میچز نہ کرانے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ پی ایس ایل 12 کا فائنل لاہور میں کرانے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق کھلاڑیوں کو ریٹین کرنے، ڈائریکٹ سائننگ اور پلیئرز آکشن کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پلیئرز آکشن 23 جنوری کو کرانے اور اسے بیرون ملک منعقد کرنے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔
اجلاس میں پی ایس ایل فرنچائزز کے واجبات کی ادائیگی کے لیے 31 اکتوبر کی ڈیڈ لائن مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق آئندہ سیزن سے فرنچائزز کی جانب سے تاخیر سے ادائیگی پر اضافی رقم وصول کرنے کا سلسلہ ختم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ پی ایس ایل کے مالیاتی ماڈل میں تبدیلیوں سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا۔












