لاہور (پنجاب پوسٹ) اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے اعدادوشمار میں فرق سامنے آنے پر محکمہ ہاؤسنگ نے وضاحت جاری کر دی۔ ترجمان کے مطابق مصدقہ رئیل ٹائم اعدادوشمار کی بنیاد پر اب تک تقریباً 2 لاکھ 90 ہزار ملین روپے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ مجموعی طور پر 2 لاکھ 24 ہزار 320 قرضوں کی منظوری دی جا چکی ہے۔
ترجمان کے مطابق اب تک تقریباً 2 لاکھ 21 ہزار خاندانوں کو قرض جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید 3 ہزار 326 خاندانوں کو قرض جاری کرنے کی تیاری مکمل ہے۔ ان خاندانوں کے لیے 4 ہزار 615 ملین روپے جاری کیے جانے ہیں۔
محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت اب تک تقریباً 1 لاکھ 27 ہزار خاندان اپنے گھروں کی تعمیر مکمل کر چکے ہیں، جبکہ 60 ہزار 253 گھر زیر تعمیر ہیں۔ اس کے علاوہ تقریباً 1 لاکھ 71 ہزار خاندانوں کو گھروں کی تعمیر مکمل کرنے کے لیے دوسری قسط بھی جاری کی جا چکی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ اب تک قرضوں کی اقساط کی واپسی کی مد میں 22 ہزار 162 ملین روپے واپس وصول ہو چکے ہیں۔
ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کا کہنا تھا کہ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کا ڈیٹا رئیل ٹائم پورٹل پر اپ ڈیٹ کیا جاتا ہے اور اعدادوشمار میں شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔ اعدادوشمار میں فرق ٹائپنگ کی غلطی کے باعث سامنے آیا۔
ترجمان کے مطابق اپنی چھت اپنا گھر پروگرام مستحق خاندانوں کی فلاح و بہبود کا منصوبہ ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پروگرام میں میرٹ اور شفافیت کو یقینی بنایا گیا ہے۔











