لاہور (پنجاب پوسٹ) لاہور میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے بڑا آپریشن کرتے ہوئے 46 املاک سربمہر کر دیں۔ کارروائیاں نیو مسلم ٹاؤن، نیو گارڈن ٹاؤن، مصطفیٰ ٹاؤن، ڈیفنس روڈ، ملتان روڈ اور ٹھوکر نیاز بیگ سے مانگا تک مختلف علاقوں میں کی گئیں۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے غیرقانونی کمرشل استعمال پر نیو مسلم ٹاؤن کے بلاک اے اور بی میں 13 املاک جبکہ نیو گارڈن ٹاؤن میں 10 املاک سیل کر دیں۔ اسی طرح ڈیفنس روڈ، ملتان روڈ اور ٹھوکر نیاز بیگ سے مانگا تک 13 املاک کو سربمہر کیا گیا۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے ریکوری آپریشن کے دوران مصطفیٰ ٹاؤن میں بھی 10 املاک سربمہر کر دیں۔ سیل کی گئی املاک میں بینک، اسکول، ریستوران، شاپنگ مال، شو روم، اسٹیل ورکس، ماربل اسٹور، ہارڈویئر اسٹور، فوڈ پوائنٹ، آٹو ورکشاپ، دکانیں اور دفاتر سمیت دیگر املاک شامل ہیں۔
آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی زیر نگرانی کیا گیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے کے مطابق غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔









