لاہور (پنجاب پوسٹ) گلوبل لیزر رن مقابلوں میں شرکت کے لیے سپورٹس بورڈ پنجاب لیزر رن اکیڈمی کی ٹیم تھائی لینڈ روانہ ہو گئی۔ وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب سلمان ملک اور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے ٹیم کے کھلاڑیوں میں کٹس تقسیم کیں اور انہیں روانہ کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن عابد شوکت، ڈپٹی ڈائریکٹر ظہور احمد اور محمد عامر خان بھی موجود تھے۔ تھائی لینڈ میں گلوبل لیزر رن مقابلے 22 اکتوبر سے 24 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں جدید پیڈل کورٹس اور کرکٹ ٹرف تیار، افتتاح کب کیا جائے گا؟
ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی کا کہنا تھا کہ سی ایم پنجاب سپورٹس اکیڈمیز کے کھلاڑیوں کا عالمی مقابلوں میں حصہ لینا خوش آئند ہے۔ ان اکیڈمیز سے نیا ٹیلنٹ سامنے آیا ہے اور امید ہے کہ کھلاڑی عالمی مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔
محمد طارق قریشی نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے بہترین اقدامات کر رہا ہے۔
تھائی لینڈ روانہ ہونے والی ٹیم پانچ کھلاڑیوں اور تین آفیشلز پر مشتمل ہے۔ کھلاڑیوں میں محمد اذان علی، محمد شیان، عبداللہ احمد اور عمیس سلیمی شامل ہیں، جبکہ آفیشلز میں میاں رضوان، مبشر علی اور سدان ٹیم کے ہمراہ روانہ ہوئے۔











