پنجاب میں 20 کلو آٹے کے تھیلے پر پابندی ، اب صرف 10 اور 15 کلو والا تھیلا ہی دستیاب ہوگا

سرگودھا(پنجاب پوسٹ) سرگودھا ڈویژن میں گندم اور آٹے کی سمگلنگ روکنے کے لیے انتظامیہ نے اقدامات تیز کر دیے۔ کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا، جس میں گندم کی سمگلنگ کی روک تھام اور عوام کو مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آر پی او سہیل اختر سکھیرا، چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز، آر او سپیشل برانچ، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اور تمام ڈی ایف سیز نے شرکت کی۔

کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ سرگودھا ڈویژن سے گندم کی سمگلنگ کو سختی سے روکا جائے۔ اس مقصد کے لیے ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جن میں پولیس اور سپیشل برانچ کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ انہوں نے میانوالی اور بھکر کی انتظامیہ کو سرحدی علاقوں پر خصوصی نظر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خوراک کا کوئی ملازم سمگلنگ میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف فوری کارروائی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین کی گورنر پنجاب سے ملاقات، سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق

کمشنر کے مطابق پنجاب حکومت نے آٹے کے 20 کلوگرام کے تھیلے پر پابندی عائد کر دی ہے، اب صرف 10 اور 15 کلوگرام کے تھیلے دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ 10 کلوگرام آٹے کا تھیلا حکومت کی مقررہ دکانوں پر 1100 روپے میں فروخت کیا جائے۔ متعلقہ ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کی جانب سے پرمٹ کی منظوری کے بغیر گندم سے لدی کوئی گاڑی ڈویژن سے باہر نہ جانے دی جائے۔

آر پی او سہیل اختر سکھیرا نے پولیس اہلکاروں کو اینٹی سمگلنگ ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کرنے کی ہدایت کی، جبکہ ڈی پی اوز کو اپنے اپنے علاقوں میں سمگلنگ کی روک تھام کے لیے درپیش رکاوٹیں دور کرنے کا کہا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے اپنے اپنے اضلاع میں کیے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

کمشنر سرگودھا ڈویژن نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام کو مقررہ نرخوں پر آٹے کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور گندم و آٹے کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

Share this article

سبسکرائب

سبسکرائب بٹن دبا کر، آپ تصدیق کرتے ہیں کہ آپ نے ہماری پرائیویسی پالیسی پڑھ لی ہے۔

مزید خبریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے