لاہور(پنجاب پوسٹ)ریلوے پولیس کے ملازمین گزشتہ ایک سال سے ترقیوں کے منتظر ہیں، تاہم پروموشن بورڈ کا اجلاس تاحال منعقد نہیں ہو سکا، جس کے باعث اہلکاروں میں تشویش اور بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ریلوے قوانین اور قواعد و ضوابط کے تحت سال میں دو مرتبہ پروموشن بورڈ کا اجلاس بلانا ضروری ہے، تاکہ اہل اہلکاروں کو بروقت ترقی دی جا سکے۔ لیکن ایک سال گزر جانے کے باوجود اس اصول پر عمل درآمد نہیں ہو سکا اور ترقیوں کا معاملہ زیر التوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ریلوے کوارٹرز میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے خلاف آپریشن، 10 کوارٹرز خالی و سیل
ریلوے پولیس کے متعدد اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ترقیوں میں تاخیر سے ان کا مورال متاثر ہو رہا ہے۔ ان کے مطابق کئی ملازمین سالہا سال خدمات انجام دینے اور اہلیت پوری کرنے کے باوجود اپنے جائز حق سے محروم ہیں، جبکہ بروقت ترقی نہ ملنے سے مالی اور محکمانہ مشکلات بھی بڑھ رہی ہیں۔
اہلکاروں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پروموشن بورڈ کا اجلاس فوری طور پر بلایا جائے اور اہل ملازمین کو میرٹ کے مطابق ترقیاں دی جائیں، تاکہ محکمے میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔
دوسری جانب ترجمان ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ ترقیوں کے حوالے سے کام پروسیس میں ہے اور متعلقہ کارروائی جاری ہے۔











