لاہور (پنجاب پوسٹ) صوبائی وزیر توانائی فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم کے پائلٹ پراجیکٹ پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں رحیم یار خان، وہاڑی اور قائداعظم بزنس پارک کے صنعتی علاقوں میں بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم نصب کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔
بریفنگ کے مطابق مجوزہ منصوبے کے تحت صنعتوں کو چار گھنٹے کا بیک اَپ فراہم کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے، جبکہ مجوزہ ماڈل کے تحت 12 گھنٹے آف گرڈ اور 12 گھنٹے نیشنل گرڈ سے بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی تجویز ہے۔ منصوبے کا مقصد صنعتی شعبے کو بجلی کی مستحکم فراہمی اور بجلی کے معیار کو بہتر بنانا ہے۔
صوبائی وزیر توانائی فیصل ایوب کھوکھر نے پیڈمک کے اشتراک سے سولرائزیشن کے لیے موزوں زمین کی نشاندہی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ تینوں صنعتی علاقوں میں بجلی کے معیار کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعتوں کو سستی، معیاری اور قابلِ اعتماد بجلی فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔
فیصل ایوب کھوکھر نے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹس کے نتائج کی روشنی میں منصوبے کو دیگر صنعتی علاقوں تک بھی وسعت دی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ پیڈمک کے اشتراک سے ٹیکنیکل ٹیم نے بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم کے حوالے سے جامع رپورٹ تیار کی ہے۔











